طریقِ_علم_نجاتِ_دارین 93
°°° عنقاء کیا ہے °°°
لا حظّ لي فيه إلا لذةُ النظرِ
اس میں میرے لیئے سوائے لذتِ نگاہ سے کچھ حصہ بھی نہیں ہے
کُتُب خانے کی طرف نظر کرنے کی لذت وہی جان سکتا ہے جو عشاقِ کُتُب ہو
کتابیں اپنی نہ ہوں تو ایک حسرت اور دیوانہ وار کبھی کسی کتاب کو کھولنا کبھی کسی کتاب کو کھولنا گویا عظیم خزانہ ہاتھ لگ گیا ہو
کتابوں کی خوشبو کا بھی اپنا ہی مزہ ہے
کتابیں ایسی محبوبائیں ہوتی ہیں کہ ایک دوسری سے حسد نہیں کرتی بلکہ ایک کو پڑھ لیا جائے تو وہ کہتی ہے اب دوسری کے پاس جاؤ
کتابوں کو دیکھنے کی لذت
کتابوں کو چھونے کی لذت
کتابوں کو سونگنے کی لذت
کتابوں کو پڑھنے کی لذت
کتابوں میں ورق گردانی کی لذت
کتابوں میں نشان لگانے کی لذت
کتابوں کے ساتھ کئی راتیں جاگنے کی لذت
پھر کتابوں سے اخذ شدہ موتیوں کو دل میں پِرو دینے کی لذت
پھر ان لذتوں سے بڑھ کر ایک لذت اور ہے
وہ ہے صاف دل , غیر متعصب , وسیع القلوب , تسلی سے بات سننے سنانے والے دوستوں کی مناظرانہ و عالمانہ مجلس
آپ نے عنقاء کا نام سنا ہوگا
ایسا پرندہ جس کی چونچ مغرب میں دم مشرق میں ایک پر شمال دوسرا جنوب میں پنجے تحت الثریٰ میں سر آسمان تک پہنچا ہوا آنکھیں یاقوت کی ہیں
ممکن الوجود ہے مگر خارج میں موجود نہیں یعنی ممکن ہے ہو جائے اور جس کا وجود ممکن ہو مگر حقیقت میں موجود ہے نہیں
تو بس ایسے صاف دل, پاک محافل والے دوست عنقاء ہیں
زمین اپنی برکتیں سمیٹ رہی ہے
ان برکات میں سے ایک برکت اھلِ علم غیر متعصب دوستوں کا وجود عنقاء ہونا ہے
بھلا اس محفل سے اچھی محفل کونسی جس میں تفسیری نکات, حدیثی ابحاث, فقہی نظریات , کلامی دلائل, تصوفانہ مسائل , تاریخی احوال اور قربِ قیامت کے اھوال دل کھول کر بیان ہوتے ہوں
اگر دوست عنقاء ہیں تو کتابیں موجود ہیں
کتابوں سے محفل لگا لیں
کتابوں کی مجلس اختیار کریں
کتابوں سے دوستی کریں اور لا متناہی فوائد حاصل کریں
✍️ #سیدمہتاب_عالم
