مصطلحاتِ_علومِ_دینیہ 26
°°° جادو کا مقصد °°°
لفظِ سَح٘رٌ اور سِح٘رٌ میں فرق ہے
سَح٘رٌ قُبَیلُ الصبحِ
سحر صبح سے کچھ پہلے کا وقت ہے
(القاموس)
السَحَرُ قطعة من اللیل
سَحَرٌ حاء کے فتحہ کے ساتھ رات کے حصے کو کہتے ہیں
(تاج العروس)
تو سَح٘ر اور سَحَر میں فرق واضح ہوگیا کہ سَح٘ر صبح سے پہلے حصے کو جبکہ سَحَر رات کے کسی بھی حصے کو کہا جاتا ہے
اور سِح٘رٌ جادو کو کہتے ہیں
سِح٘ر کا لغوی معنی زائل کرنا ہے
کیونکہ جادو محبت کو زائل کر دیتا ہے اسی لیئے اسے سحر کہتے ہیں
اصل میں سحر کا نزول میاں بیوی میں جدائی کے لیئے ہوا تھا
قرآن کریم میں ہاروت و ماروت کے قصے میں ہے
وَمَا يُعَلِّمَانِ مِنْ أَحَدٍ حَتَّىٰ يَقُولَا إِنَّمَا نَحْنُ فِتْنَةٌ فَلَا تَكْفُرْ ۖ فَيَتَعَلَّمُونَ مِنْهُمَا مَا يُفَرِّقُونَ بِهِ بَيْنَ الْمَرْءِ وَزَوْجِهِ ۚ وَمَا هُم بِضَارِّينَ بِهِ مِنْ أَحَدٍ إِلَّا بِإِذْنِ اللَّهِ
وہ دنوں ملائکہ کسی کو جادو نہ سکھاتے جب تک یہ نہ کہ لیتے کہ ہم تو آزمائش ہیں تو تم کفر نہ کرو تو لوگ ان سے وہ سیکھتے کہ جس سے میاں بیوی کے درمیان جدائی ڈالتے تھے اور وہ کسی کو نقصان نہ پہنچاتے مگر اللہ کے اذن سے
تفسیر میں ہے وہ مرد کو جادو سے نا مرد کر دیتے تھے جس سے وہ حقوقِ زوجیت ادا کرنے سے قاصر رہتا یوں میاں بیوی میں جدائی ہو جاتی تھی
معلوم ہوا ہر وہ کام جو محبت زائل کرے جادو میں شمار ہوگا
مزید فرمایا
ایسا عمل جس سے شیطان کی قربت حاصل کی جاتی ہے اور اس کی مدد سے آنکھ کو وہ دکھایا جاتا ہے جو اصل میں نہیں ہوتا
(لسان العرب)
یعنی سِح٘ر کے ذریعہ سے سامنے والے کی آنکھ کو وہ دکھایا جائے جو حقیقت نہ ہو اور سامنے والے کو وہ سنایا جائے تو اصلی نہ ہو
حدیث پاک میں ہے
ان من البیان لسِح٘راً
بعض بیان جادو ہوتے ہیں
(بخاری)
یعنی جس طرح جادو کے ذریعہ سے ناحق کو حق اور حق کو ناحق کر کے دکھایا جاتا ہے اسی طرح اندازِ بیاں کے ذریعہ سے بھی باطل کو حق اور حق کو باطل ثابت کیا جاتا ہے اور سننے والے اندازِ بیاں کی وجہ سے باطل کو حق مان لیتے ہیں
(لسان العرب)
« جیسا کہ آج کل خطیب و مقرر ایسا جادو کرتے ہیں کہ لوگ بے دام بندے بن جاتے ہیں »
اب ذرا ایک اہم نکتہ سمجھیں
سَح٘ر کے وقت سِح٘ر ہوتا ہے
یعنی رات دن کے اوقات میں سب سے زیادہ موثر وقت سحری کا وقت ہوتا ہے
طلباءِ علمِ دین ہوں یا سالکینِ راہِ حق ہوں سب کے لیئے وقتِ سحر گوہرِ نایاب ہے
آپ کو سبق یاد نہ ہوتا ہو یا آپ کے دل کو سکون نہیں ملتا
آپ سحری کے وقت یاد کریں اور مناجات کریں
سبق یاد ہوگا اور دل شاد ہوگا
✍️ #سیدمہتاب_عالم
