دونوں استاذ ناکارہ

طریقِ_علم_نجاتِ_دارین 28

••• استاذ کا اثر باپ کے اثر سے زیادہ ہوتا ہے •••

العقد الفرید میں ہے
عتبہ بن ابو سفیان صحابی رسول نے اپنے بیٹے کو جب استاذ کے پاس چھوڑا تو فرمایا
لیکن اول اصلاحک لولدی اصلاحک لنفسک فان عیونھم معقودۃ بعینیک فالحسن عندھم ما صنعت و القبح عندھم ما ترکت

اے استاذ
آپ کو میرے بچے کی اصلاح کرنے سے پہلے اپنی اصلاح کرنی ہوگی کیونکہ بچوں کی نگاہیں وہی دیکھتی ہیں جو آپ دیکھتے ہیں
بچے اسی کو بہترین سمجھتے ہیں جو کام آپ کرتے ہیں
اور جو آپ چھوڑ دیتے ہیں بچے اس کو برا سمجھ لیتے ہیں

••• استاذ کی ذات بچوں پر ماں باپ سے زیادہ اثر ڈالتی ہے •••

ولھذا اپنے بچوں کے لیئے استاذ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں ایسا استاذ ہو جو علم و تقویٰ سے بھرپور ہو

افریقہ کے امیر یعقوب موحدی نے اپنے ایک ماتحت کو لکھا کہ میرے بچے کو آداب سکھانے والا کوئی بہترین استاذ تلاش کرو اور میرے پاس بھیج دو
اس ماتحت نے دو استاذ بھیجے اور خط میں لکھا
° احدھما بَرٌ فی دینہ والآخر بحرٌ فی علمہ °
ایک دین میں نیک ہے اور دوسرا علم میں سمندر جیسا ہے

بادشاہ نے دونوں کا امتحان لیا مگر اسے کوئی بھی پسند نہ آیا

تو اس نے اسی خط کی دوسری طرف لکھ کر بھیج دیا
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
ظھر الفساد فی البر و البحر

اللہ کے نام سے شروع جو بہت مہربان رحم والا
خشکی و تری میں فساد برپا ہوگیا ہے

{ اس جواب کی لطافت علم والے بخوبی جانتے ہیں }

ماتحت نے ایک کو بَرٌ مطلب نیک کہا اور بَرٌ کا ایک معنی خشکی بھی ہوتا ہے
اور دوسرے کو بحرٌ فی علمہ علم کا سمندر کہا تھا
بادشاہ دونوں سے مطمئن نہ ہوا تو اس نے کہا بر و بحر میں فساد ہے

استاذ صرف دیندار ہو , مضبوط علم والا نہ ہو تب بھی اپنی اولاد پر ظلم ہے
اور اگر استاذ صرف علم والا ہو مگر دیندار نہ ہو تب بھی اولاد کے ساتھ زیادتی ہے
آپ باپ ہیں تو اپنی اولاد کے لیئے علم و عمل کا مجموعہ استاذ چنیں
° اگر آپ استاذ ہیں تو بچوں کے لیئے علم و عمل کے پیکر بن جائیں ورنہ آپ ظالم ہوں گے °
✍️ #سیدمہتاب_عالم

Scroll to Top