تصوف_وصوفیاء 37
°°° کائنات کی سب سے طاقتور شے کیا ہے °°°
کیا آپ کائنات کی سب سے شدید اور عظیم شے کے بارے جانتے ہیں؟
حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
إذا قصر العبد في العمل ابتلاه الله (تعالى) بالهم
بندہ جب عمل میں کوتاہی کرتا ہے تو الله رب العزت اسے غم میں مبتلاء کر دیتا ہے
❗جامع صغیر ❗
اس حدیث شریف کی شرح میں امام عبد الرؤف مناوی فرماتے ہیں
تاکہ وہ غم اس کی کوتاہی کے برابر ہو جائے اور اس بندے کی سستی کی وجہ سے جو کمی ہوئی اس کے لیئے کفارہ ہو جائے
❗فیض القدیر ❗
یعنی بندہَ مومن کا غم اس کی کوتاہیوں کا کفارہ بن جاتا ہے.
امام بن عطاء اللہ السکندری فرماتے ہیں
من لم يقبل على الله بملاطفات الإحسان قيد إليه بسلاسل الامتحان
جو بندہ الله رب العزت کی بارگاہ میں احسان کے لطف سے نہیں آتا اسے امتحان کی بیڑیوں سے باندھ کر بارگاہِ الٰہی میں لایا جاتا ہے
❗الحکم العطائیہ ❗
یعنی جو آسائش میں رب العالمین کو بھولتا ہے اسے آزمائش دی جاتی ہے تاکہ اپنے رب کو یاد کرے
حدیث مبارکہ میں ہے
عَجِبَ اللَّهُ مِن قَوْمٍ يَدْخُلُونَ الجَنَّةَ في السَّلاسِلِ
الله سبحانہ و تعالیٰ ایسے بندوں پر تعجب فرماتا ہے جو جنت میں بیڑیاں پہنے داخل ہوں گے
❗بخاری ❗
دوسری حدیث شریف میں ہے
استضحكَ النبيُّ صلَّى اللهُ عليهِ وسلَّمَ فقال عجبتُ لأقوامٍ يُقادونَ إلى الجنةِ في السلاسلِ وهم كارهونَ
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مسکرا اٹھے اور فرمانے لگے
مجھے ایسی قوم پر تعجب ہے جن کو بیڑیوں میں باندھ کر جنت کی طرف لے جایا جائے گا اور وہ جنت جانے کو ناپسند کرتے ہوں گے
❗حلية الاولياء ❗
اس حدیث کی مختلف تشریحات کی گئی ہیں
اولاً
کفار مسلمانوں کے پاس قید ہو کر آئیں گے پھر اپنی مرضی سے اسلام قبول کر لیں گے
ثانیاً
جو مجبور ہو کر اسلام قبول کریں گے پھر اسلام ان کے دل میں گھر کر جائے گا
ثالثاً
وہ مسلمان جو کفار کے پاس قیدی ہوں اور اسی حالت میں شہید ہو جائیں قیامت میں وہ اسی قید کی حالت میں اٹھیں گے اور اسی حالت میں جنت میں داخل کیئے جائیں گے
اب ہم پہلی بات کی طرف آتے ہیں
کہ غم و ھم ترکِ فرائض کے قائمقام ہو جاتا ہے جیساکہ جامع صغیر کی حدیث شریف میں ہے
جیساکہ امام ابن عطاء اللہ السکندری نے فرمایا ہے
حدیث مبارکہ میں ہے
ما من مسلم يصيبه أذى من مرض فما سواه إلا حط الله به سيئاته كما تحط الشجرة ورقها
کسی بھی مسلمان کو کسی مرض اور اس کے سوا سے کوئی بھی اذیت پہنچتی ہے تو الله رب العزت اس کے گناہ یوں گراتا ہے جیسے درخت اپنے پتے گراتا ہے
حدیث مبارکہ میں ہے
إن من الذنوب ذنوبا لا تكفرها الصلاة ولا الصيام ولا الحج ولا العمرة قالوا فما يكفرها يا رسول الله؟
قال الهموم في طلب المعيشة
بعض گناہ ایسے ہیں جن کو نہ نماز نہ روزے نہ حج نہ عمرہ مٹاتا ہے
صحابہ کرام نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو ان گناہوں کو کون سی شے مٹاتی ہے
فرمایا
روزگار کی طلب میں آنے والا غم اسے مٹاتا ہے
❗طبرانی ❗
دوسری روایت میں ہے
إِنَّ مِنَ الذُّنُوبِ ذَنُوبًا لَا يُكَفِّرُهَا صِيَامٌ ، وَلَا صَلَاةٌ وَلَا حَجٌّ وَلَا جِهَادٌ إِلَّا الْغُمُومَ وَالْهُمُومَ فِي طَلَبِ الْعِلْمِ
بعض گناہ ایسے ہیں جن کو نہ روزہ نہ نماز نہ حج نہ جہاد مٹاتا ہے ان گناہوں کو علمِ دین کی طلب میں آنے والے غم مٹاتے ہیں
❗تاریخ اصبھان لابی نعیم❗
یہ طلباءِ علمِ دین کے لیئے بڑی خوشخبری ہے
° رنج و غم مضبوط سے مضبوط انسان کی کمر توڑ دیتے ہیں بال سفید کر دیتے ہیں نظر کمزور کر دیتے ہیں یاداشت پر گہرا اثر ڈالتے ہیں °
غم کائنات کی سب سے طاقتور شے ہے
اس حدیث شریف سے سمجھیں جو مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے منقول ہے
مولائے کائنات نے فرمایا
أشد خلق ربك عشرة الجبال والحديد ينحت الجبال والنار تأكل الحديد والماء يطفئ النار والسحاب المسخر بين السماء والأرض يحمل الماء والريح ينقل السحاب والإنسان يتقي الريح بيده ويذهب لحاجته والسكر يغلب الإنسان والنوم يغلب السكر والهم يمنع النوم فأشد خلق ربك الهم
تیرے رب کی سب سے شدید مخلوق دس ہیں
(1) پہلے پہاڑ
(2) اور پھر پہاڑ کو لوہا کاٹ دیتا ہے
(3) اور پھر لوہے کو آگ کھا جاتی ہے
(4) اور پھر آگ کو پانی بجھا دیتا ہے
(5) اور پھر بادل پانی کو زمین و آسمان کے درمیان مسخر کر کے اٹھائے پھرتے ہیں
(6) اور پھر ہوا بادلوں کو آگے پیچھے کر دیتی ہے
(7) اور پھر انسان ہے جو اپنے ہاتھ کے ذریعہ ہوا سے بچتا ہے اور اسے اپنی ضرورت کے مطابق پھیر لیتا ہے
(8) اور پھر نشہ جو انسان پر غالب آجاتا ہے
(9) اور پھر نیند جو نشے پر غالب آجاتی ہے
(10) پھر غم جو نیند میں خلل ڈال دیتا ہے تو غم تیرے رب کی سب سے مضبوط مخلوق ہے
❗مجمع الزوائد ❗
دیکھیں غور کریں کہ
پہاڑ, لوہا, آگ , پانی , ہوا ان سب سے قوی ترین غم ہیں جو بندہ مومن کے دل میں رہتے ہیں
° غم بندے کے لیئے دنیا میں تو آزمائش ہیں مگر آخرت میں نجات کے ضامن ہیں °
الله رب العزت نے فرمایا
لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْ كَبَدٍ
یقینا بیشک ہم نے آدمی کو مشقت میں رہتا پیدا کیا
مؤمن ہمیشہ مشقت میں ہی رہتا ہے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے ابن رجب حنبلی لطائف المعارف میں لکھتے ہیں
کہ حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم دائم الاحزان تھے
یعنی مسلسل غمزہ رہنے والے تھے
حضور جانِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
شيَّبتني هودٌ والواقعةُ والمرسلاتُ وعمَّ يتَسَاءَلُونَ وإِذَا الشَّمْسُ كُوِّرَتْ
مجھے سورہ ہود سورہ واقعہ سورہ مرسلات سورہ عم یتسالون اور اذا الشمس کورت نے بوڑھا کر دیا ہے
❗ترمذی ❗
یہ وہ مبارک سینہ ہے جس نے قرآن کریم کا وہ بوجھ اٹھا لیا کہ اگر وہ بوجھ پہاڑوں پر ڈالا جاتا تو پہاڑ ریزہ ریزہ ہو جاتے
مگر غمِ امت نے اس مبارک ذات کو بوڑھا کر دیا
°°° اس ساری تقریر سے معلوم ہوا کہ دنیا میں سب سے قوی شے غم ہے °°°
فرشتے بے غم ہیں تبھی بوڑھے نہیں ہوتے
❗ مؤمن کی کیسی شان ہے کہ ھموم و غموم میں زندگی گزارتا ہے وہی غم اس کے ترکِ فرائض و واجبات کا کفارہ بن جاتے ہیں
لہذا مصیبت و تکلیف کو ناگوار نہ سمجھیں
مرحبا کہ کر غم کا استقبال کریں کہ یہ غم آپ کو آخرت میں غموں سے نجات دلائیں گے
مایوس نہ ہوں
شکوہ شکایت نہ کریں
دل چھوٹا نہ کریں
آخر میں غم جو کہ دنیا کی سب سے قوی ترین شے ہے اسے ٹھنڈا کرنے غموں کو مٹانے کا نسخہ قرآن کریم سے پوچھتے ہیں
فرمایا
اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُ
سن لو الله کے ذکر میں ہی دِلوں کا چین ہے
وہ جو پہاڑ و لوہے و آگ سے طاقتور ہے ذکرِ خدا سے موم ہو جاتا ہے
ذکرِ خدا سے وہ غم مٹ جاتا ہے
اسی وجہ سے بعض صوفیاء کرام نے فرمایا کہ
دنیا میں ذکرِ الٰہی کرنے والا ایسے ہے جیسے جنت میں رہنے والا جنتی ہوتا ہے
کیونکہ اسے ذکرِ خدا سے وہ چین و سرور ملتا ہے جو جنتی کو جنت میں ملے گا
مگر شرط ہے ایک بار اس پاک ذکر کی لذت سے آشنا ہوا جائے
واللہ العظیم
جو ذکر الله کی لذت سے محروم رہا بڑا ہی بدخت ترین انسان ہے
یہ لذت ایسی لذت ہے کہ اس کے ہوتے ہوئے دنیا کا ہر غم خواہ کتنا بڑا غم ہو مٹ جاتا ہے
حتی کہ اس لذت کے شکار سے مال و اولاد چھین لی جائے یہ پرسکون رہے گا
اس کا منصب و عزت لے لی جائے یہ پرسکون رہے گا
حتی کہ اس کے جسم کو کاٹ دیا جائے اس پاک ذکر کی برکت سے پرسکون رہے گا
اصل بات یہی ہے کہ اس مبارک ذکر کی لذت سے نہایت کم لوگ آشنا ہیں
کثرت سے لا الہ الا الله پڑھیں
پھر اس کی لذت کا خود ہی مشاہدہ کریں
••• اور جو دنیا کی سب سے قوی ترین شے ہے وہ اپنے پیاروں پر مسلط نہ کریں کوشش کریں نہ آپ کی وجہ سے آپ کے کسی پیارے کا دل نہ دکھے اور وہ غم میں مبتلاء نہ ہو •••
✍️ #سیدمہتاب_عالم
