دعاء کو نیکی کا بدلہ نہ بنائیں

اسلامی_طرزِتربیت 170

اگر آپ کسی سے بھلا کریں تو بدلے میں وہ دعاء دے جائز ہے
آپ کا دعاء کے لیئے کہنا جائز ہے
مگر بہتر ہے دعاء کے لیئے نہ کہیں
اگر وہ دعاء دے تو بھی آپ بدلے میں اسے دعاء دیں تاکہ آپ کا دیئےصدقے یا آپ کے کیئے بھلے کا اس کی دعاء بدلہ نہ بن جائے
حدیثِ مبارکہ میں ہے
من آتى إليكم معروفا فكافئوه فإن لم تجدوا فادعوا له حتى تعلموا ان قد كافاتموه
جو تم سے بھلائی کرے تو اسے اس کا بدلہ دو اگر کچھ بدلہ نہ دے سکو تو کم از کم اس کے لیئے دعاء کر دو حتی کہ تم جان لو کہ تم نے اس کا بدلہ دے دیا ہے
❗نسائی شریف ❗
یہاں حدیث پاک میں احسان کے بدلے میں دعاء کو واضح بدلہ چکانا قرار دیا ہے
جبکہ قرآن کریم میں الله کے مقرب بندوں کے اوصاف بیان ہوئے
وہ کہتے ہیں
إنما نطعمكم لوجه الله لا نريد منكم جزاء ولا شكورا
ہم تو تمہیں الله کی رضا کے لیئے کِھلاتے ہیں تم سے نہ بدلہ مانگتے ہیں نہ شکر گزاری چاہتے ہیں
دیکھیں کتنا واضح فرمان ہے کہ احسان کے بدلے میں کسی قسم کی جزاء نہیں مانگتے نہ دعاء کی صورت نہ تعظیم کی صورت !
الله رب العزت کی رضا کے لیئے نیکی کی ہے تو اسی کے ذمہَ کرم پر اجر چھوڑ دیں
کسی فقیر و مسکین مجبور و حاجت مند کی امداد کر کے دعاء لینا بالکل جائز ہے
مگر بہتر ہے الله پر چھوڑ دیا جائے
کہیں آپ کے اس احسان کا بس یہی بدلہ نہ بن جائے قیامت کے لیئے ذخیرہ نہ ہو پائے
جبکہ مؤمن کو ہر نیکی آخرت کے لیئے کرنا چاہیئے

قرآن کریم میں ہے
لاَّ يُحِبُّ ٱللَّهُ ٱلْجَهْرَ بِٱلسُّوۤءِ مِنَ ٱلْقَوْلِ إِلاَّ مَن ظُلِمَ وَكَانَ ٱللَّهُ سَمِيعاً عَلِيماً
الله بری بات کا اعلان پسند نہیں کرتا مگر جس پر ظلم کیا جائے بے شک الله سنتا جانتا ہے
اس آیت کریمہ کے تحت تفسیر در منثور میں امام جلال الدین سیوطی نے ترمذی کے حوالہ سے حدیث مبارکہ نقل فرمائی
من دعا على من ظلمه فقد انتصر
جس نے ظلم کرنے والے کو بد دعاء دی تو اس نے بدلہ لے لیا
❗تفسیر در منثور ❗
دوسری روایت میں ہے
سیدہ طیبہ طاہرہ عفیفہ ام المومنین عائشہ صدیقہ رضی الله عنھا کی کوئی شے چوری ہوگئی تو سیدہ پاک چور کو بد دعاء دینے لگیں
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
لا تُسَبِّخِي عَنْهُ
اس سے عذاب ہلکا نہ کرو
❗ابو داؤد شریف ❗
یعنی چور کے خلاف دعاء تمہارا بدلہ ہو جائے گی اور اس کا عذاب کم ہو جائے گا
معلوم ہوا احسان کے بدلے میں کسی کے حق میں دعاء بھی احسان کا بدلہ بن جاتی ہے
اور ظالم کے خلاف بد دعاء بھی ظالم کے حق میں بدلہ بن جاتی ہے
نیکی کریں تو رضائے الٰہی کے لیئے کریں
کوئی برائی کرے تو قیامت پر معاملہ چھوڑ دیں
✍️ #سیدمہتاب_عالم

Scroll to Top