اسلامی_طرزِتربیت 4
آپ کے پاؤں میں موچ آتی ہے تو پاؤں کاٹ دیتے ہیں ؟
آپ کے ہاتھ میں فالج پڑتا ہے تو ہاتھ کاٹ دیتے ہیں ؟
سر درد کرتا ہے تو سر پھوڑ دیتے ہیں ؟
پیٹ درد کرتا ہے تو پیٹ چیر دیتے ہیں ؟
آنکھ سے آنسو بہتے ہیں تو آنکھ نکال دیتے ہیں ؟
دل میں درد ہوتا ہے تو دل نکال لیتے ہیں ؟
اچھا آپ یہ بتائیں
آپ کو اپنے جسم کا کونسا عضوء بے کار لگتا ہے جسے آپ ایک لمحے سے پہلے کاٹ کر الگ کرنا چاہتے ہیں ؟
آپ کو جسم کے کس حصے سے نفرت ہے کہ آپ کا دل کرتا ہے اعلان کر دیں کہ یہ میرے جسم کا حصہ نہیں ہے ؟
اب یہ حدیث شریف پڑھیں
رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
مثلُ المؤمنين في تَوادِّهم وتَرَاحُمِهِم وتعاطُفِهِمْ مثلُ الجسَدِ
مسلمانوں کی مثال آپسی محبت رحمت و نرمی میں ایک جسم جیسی ہے
❗مسلم شریف ❗
جس طرح آپ کو جسم کا ہر حصہ عزیز ہے جسم کا ہر حصہ آپ ہیں اور آپ ہی جسم ہیں تو تفرقہ میں پڑ کر ایک دوسرے کو کیوں کاٹتے ہیں ؟
آپ کسی بھی مسلک کو ذہن میں رکھیں
چلیں اس کو اب اپنے جسم کے سب سے کم درجہ عضوء کا مقام دیں
کیا آپ اپنا وہ کم درجہ عضوء کاٹ دیں گے ؟
مثلاً پیر ہے
وہ مخالف مسلک اسے پاؤں تسلیم کر لیں
اگر اپنا پاوں نجس و گندگی میں رہنے والا ہو کر اسے کاٹ نہیں سکتے تو مخالف مسلک کو پیر سمجھ کر اسلام سے جدا کیوں کرتے ہیں ؟
آپ کے نبی فرماتے ہیں تم ایک جسم ہو تو کبھی غور کیا ایک جسم کی مثال کیوں دی ؟
کیونکہ امت کے ہر فرد کی اپنی اہمیت ہے
ہر طبقے کی اپنی قدر و منزلت ہے
دینی ہو یا دنیاوی اور پھر دینی میں علماء و طلباء محدثین و فقہاء متکلمین و صوفیاء ہر ایک جسم کے اہم حصوں کی طرح اہم ہے اسی طرح گمراہ طبقات بھی اپنی گمراہی کے باوجود اسی جسم کا حصہ ہیں
اسی طرح دنیا دار لوگ بھی اسی امت کا حصہ ہیں اور ان کی اپنی حیثیت ہے
آپ ایک بات یاد رکھیں
آپ اس امت کا جزء ہیں اس امت کے افراد میں سے ایک فرد ہیں اس سمندر کے قطرات میں سے ایک قطرہ ہیں اس گلستاں کے پھول و خار و گھاس میں سے ایک حصہ ہیں
امت کے ہر فرد کی اہمیت سمجھیں یہ تب سمجھ آئے گی جب رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مذکورہ حدیث پاک سمجھیں گے
بس یاد رکھیں آپ کل جسم نہیں جسم کا حصہ ہیں
مخالف مسلک بھی آپ کی طرح جزءِ بدن ہے
اس میں وہ مسلک شامل نہیں جن کی تکفیر اجماعی و قطعی ہے مثلاً نصیری وغیرہ وہ تو امت میں شامل ہی نہیں تو جسم کا حصہ بھی نہیں ہیں
اس میں گمراہ مسالک شامل ہیں
اعضاء نہ دیکھیں جسم دیکھیں اجزاء نہ دیکھیں کل دیکھیں
✍️ #سیدمہتاب_عالم
