تصوف_و_صوفیاء 77
عارف بالله امام عبد الغنی النابلسی فرماتے ہیں
لما كان وجود النعمة بالبسملة وبقاؤها بالحمد لله قدم ما به الوجود على ما به البقاء
جب نعمت کا وجود بسم الله کے ساتھ متعلق ہوا اور نعمت کی بقاء الحمد لله کے ساتھ متعلق ہوئی تو جس سے وجود ہے یعنی بسم الله کو مقدم کیا اس پر جسے بقاء ہے یعنی الحمد لله پر
یعنی شیخ اکبر ابن العربی نے فصوص الحکم میں پہلے بسم الله لکھی پھر الحمد لله لکھی
دوسری جگہ پر فرماتے ہیں
بالبسملة ظهر الوجود و بالحمد لله بقي كل موجود
بسم الله کی برکت سے ہر وجود کا ظہور ہوا اور الحمد لله کی برکت سے ہر وجود کی بقاء ہے
❗ جواھر النصوص فی حل کلمات الفصوص ❗
عالمِ علوی و سفلی میں ہر کام خواہ تحت الاسباب ہو یا فوق الاسباب بسم الله کی برکت سے شروع ہوتا ہے اور اسی نام پاک کی قوت سے پورا ہوتا ہے
تحت الاسباب کے امور انجام دینے والا بسم الله نہ بھی پڑھے تو اس کے معاون ملائکہ ضرور پڑھتے ہیں ورنہ تحت الاسباب کے کام بھی رک جاتے ہیں
کیا آپ دیکھتے نہیں کہ بہت بار کسان بیچ ڈالتا ہے مگر فصل نہیں آتی
انسان کے اعضاء و جوارح پر فرشتے مقرر ہیں جو اس کی حرکات پر مدد کرتے ہیں حتی کہ لقمہ چبانے پر بھی فوق الاسباب قوت کارفرما ہے
کارخانہَ قدرت میں ہر فعل بسم الله کی قوت سے وجود میں آتا ہے اور ہر نعمت کا جب وجود اسمِ الہی سے ہے تو اس کی بقاء بھی اسی پاک نام سے ہوتی ہے
بسم الله کی برکت سے عدم سے وجود کی طرف نعمتوں کا بہاؤ بڑھ جاتا ہے
کیونکہ بسم الله کے موکلات پڑھنے والے پر نعمتوں کی ترسیل سہل اور کثیر کر دیتے ہیں یہی معنی ہے بسم الله سے نعمتوں کا وجود ہے
تو جو ہر جائز کام سے پہلے بسم الله پڑھے گا اس پر نعمتوں کے دروازے کھلیں گے اور اسے کثیر برکتیں ملیں گی
اور جسے نعمتیں ملی ہوں وہ الحمد لله کہے گا تو اس کے پاس ان نعمتوں کی بقاء ہوگی
وہ نعمتیں اس کے پاس فناء نہیں باقی رہیں گی
بسم الله سے نعمتوں کا عدم سے وجود ہوتا ہے اور الحمد لله سے موجود نعمتوں کی بقاء ہوتی ہے
امت کے پہلے مجدد سیدی عمر بن عبد العزیز فرماتے ہیں
قَيِّدُوا النِّعَمَ بِالشُّكْرِ
نعمتوں کو شکر سے باندھ لو
❗ کتاب الشکر لابن ابی الدنیا ❗
جنابِ غوثِ اعظم دستگیر فرماتے ہیں
نعمتیں جنگلی بھینسوں کی طرح ہیں ان کو شکر کی رسیوں سے باندھ رکھو
ورنہ یہ بھاگ جائیں گی
ہر کام میں ابتداء میں بسم الله پڑھیں تاکہ اس میں برکت ہو اور اس سے نعمت ملے اس کام سے ضرر نہ ہو اور آخر میں الحمد لله پڑھیں تاکہ یہ نعمت ہمیشہ باقی رہے
✍️ #سیدمہتاب_عالم
