طریقِ_علم_نجاتِ_دارین 123
°°° مناظرانہ ذہن دین کے لیئے کتنا نقصان دہ ہے °°°
جامع بیان العلم میں ابن عبد البر نے اسد بن فرات کا فرمان نقل کیا
مجھے خبر پہنچی کہ عراق میں لوگ کسی علمی بات پر مناظرہ کر رہے تھے
کسی نے پوچھا یہ کون لوگ ہیں؟
اسے جواب ملا
قوم یقتسمون میراث محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم
یہ وہ لوگ ہیں جو محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی وراثت تقسیم کر رہے ہیں
پہلے زمانے میں فروعی مسائل پر مناظرے زیادہ ہوا کرتے تھے
حنفی شافعی کا مناظرہ وغیرہ اور اس میں بھی تکفیر و تضلیل کرنا ہرگز مقصد نہیں ہوتا بلکہ علم کی پختگی مقصد ہوتا تھا
جبکہ آج مناظرے کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے سامنے والے کو یا کافر ثابت کیا جائے گا گمراہ قرار دیا جائے
امام اعظم نے اپنے بیٹے حماد کو فرمایا
ہم اپنے زمانے میں مناظرہ کرتے تھے تو ڈرتے تھے کہیں سامنے والا پھسل نہ جائے اور شریعت کے خلاف کلمہ منہ سے نہ نکال دے
اور تمہارے زمانے میں مناظرہ کیا جاتا ہے تاکہ اگلا پھسل جائے
میں یہاں صرف یہی کہوں گا کہ
اساتذہ کی کمزوری ہے جو بچوں کو علومِ قرآن, علومِ حدیث فقہ و اصول فقہ تفسیر و تصوف میں مناظرہ اور اختلافی باتیں نہیں سکھاتے بلکہ صرف عقائد میں مناظرہ سکھاتے ہیں
مناظرہ کا نام آتے ہی تکفیر و تضلیل ذہن میں آتی ہے
جبکہ یہ طلباءِ دین کے ساتھ ظلم ہے
ہر علم میں ہر فن میں علماء کا اختلاف ہے اور اس اختلاف کو زیر بحث لانے سے وہ علم پختہ ہوتا ہے
اور یہی مناظرہ ہے
قرآن کریم میں ہر لفظ کی کئی کئی وجوہ ہیں
حدیث کی صحت و ضعف پر کلام
فقہ میں ہر مسئلہ مختلف فیہ ہے
اصول فقہ میں کثیر کلام ہے
تفسیر میں بظاہر متضاد آراء ہیں
اور تو اور تصوف میں صوفیاء کا اختلاف بھی ہے
مذکورہ علوم پر کلام کریں تو ثواب بھی ہوگا اور سامنے والا گمراہ بھی نہیں ہوگا
مگر شیطان نے مناظرے کا میدان صرف علمِ عقائد ہی دکھایا ہے جس میں اگر سامنے والا صحیح العقیدہ ہے تو گمراہی کا فتوی گمراہ ہے تو تکفیر ثابت کرنے کی جلدی رہتی ہے
استاد چاہے تو بچے کو مفسر بنائے یا فقیہ یا صوفی یا متکلم بنائے لیکن اکثریت متکلم بناتی ہے
علمِ کلام اولا اصلا ملاحدہ کے رد کرنے کو علماءِ اسلام نے اختیار کیا تھا
مگر یہ ہتھیار اب اھلِ اسلام کے خلاف ہی استعمال ہوتا ہے
اسلام کی بقاء یا تلوار سے ہے یا احسن طریقے سے دعوت سے ہے
ادع الی سبیل ربک اس پر شاہد ہے
دعوت دو اور احسن طریقے سے مجادلہ کرو مان گئے تو ٹھیک نہ مانیں تو آپ سے اسلامی اخلاق کی خوشبو لیکر اٹھیں!
اوپر آپ نے دیکھا علمی بات پر مناظرے کو میراثِ محمدی فرمایا تو کیا آج کے مناظرے میراثِ محمدی کہلائے جا سکتے ہیں
ہمارے طالبِ علم دور میں ہفتہ وار تربیتی اجتماع ہوتا تھا اس میں ایک حصہ مناظرے کے لیئے بھی تھا
ایک بار سنی و بد مذہب کا مناظرہ ہوا بظاہر دلائل میں سنی کمزور پڑ گیا اور بد مذھب غالب آگیا
مناظرے کے جج نے سنی کو فاتح قرار دے دیا
بد مذہبیت کی نمائندگی کرنے والا بظاہر مضبوط دلائل کی وجہ سے جیت گیا تھا مگر ہار کے اعلان پر آپے سے باہر ہوگیا اور سچ مچ کا بد مذہب ہوگیا
کہاں وہ مناظرہ جو محمدی میراث کہلایا
اور کہاں وہ مناظرہ جو تربیت کے لیئے تھا مگر ایک سنی کو بد مذہب بنا گیا
بچوں کو عقائد بتائیں ضرور بتائیں ان پر وارد اعتراض بتائیں پھر ان کے جواب بتائیں مگر بچوں کو مناظرانہ ذہن نہ دیں
اسلام غریب الوطن ہے اسلام پر رحم کریں
✍️ #سیدمہتاب_عالم
