طریقِ_علم_نجاتِ_دارین 103
تقریباً ہر سنجیدہ طالبِ علمِ دین کا سوال ہوتا ہے کہ
مطالعہ کیسے کریں؟
کہنہ مشق و ماہر اساتذہ اس کا اپنے اپنے طریقے سے جواب دیتے ہیں
باقاعدہ اس موضوع پر مجالس منعقد ہوتی ہیں
کتابیں لکھی گئی ہیں
جبکہ مجھ سے جس نے بھی یہ سوال کیا تو تقریباً میں ہر ایک کو یہی جواب دیا کہ
بس مطالعہ کریں
جو کتاب مل جائے وہ پڑھ لیں
پہلے کونسی بعد میں کیا , طریقہ کیا , وقت کیا , کس فن کی , کس عالم کی یہ وہ سب چھوڑ چھاڑ دیں
بس پڑھیں پھر پڑھیں پھر پڑھیں اور بس پڑھیں
علامہ ابن جوزی فرماتے ہیں
میں نے اپنے دورِ طالبِ علم میں تقریباً بیس ہزار کتابیں پڑھی ہیں
مطالعہ سے طالبِ علم, عالم بنتا ہے اور کسی ماہر مفتی کے پاس بیٹھنے سے فقیہ اور کسی خاص فن کے ماہر کے پاس بیٹھنے سے محقق بنتا ہے
اگر کوئی یہ ذہن بنائے بیٹھا ہے کہ آٹھ سالہ درسِ نظامی کر کے وہ عالم بن جائے گا تو وہ احمق ہے
بلکہ آٹھ سال پڑھ کر آٹھ کی جگہ سولہ سال پڑھا بھی لے تب بھی عالم نہیں بن سکتا
کیونکہ درسِ نظامی میں مخصوص نصاب مخصوص کتب کے محدود ابواب پڑھائے جاتے ہیں
ایسا بندہ ماہر استاذ تو بن سکتا ہے مگر عالم نہیں بن سکتا
عالم بننے کے لیئے ماخذ کتب تک رسائی اور درست مسئلہ شناسائی ہونا ضروری ہے
اور اس کے لیئے کثیر المطالعۃ ہونا ضروری ہے
نصابی کتب کی تدریس پر مہارت علماء کی صف میں کھڑا نہیں کرے گی
میں بہت سے ایسوں کو جانتا ہوں جو اچھے مدرس تو ہیں مگر عالم نہیں
اور بدقسمتی سے یہی لوگ نسلِ نو کے مقتداء اور ان کے لیئے حرفِ آخر ہوتے ہیں
طالبِ علم سمجھتا ہے ہمارا استاد عالم ہے جبکہ استاذ صرف مدرس ہوتا ہے
مدرس اور عالم میں بہت فرق ہوتا ہے
اچھا مدرس ہونا ایک فن ہے اور عالم ہونا الگ بات ہے
علم لفاظی کا نام نہیں علم کثرتِ مطالعہ کا نام ہے
لہذا بے ترتیب , بے شمار , وقت بے وقت مطالعہ جاری رکھیں
اکابر علماء زندگی کے آخر بلکہ موت تک مطالعہ کرنے والے تھے
جبکہ یہاں جب مدرس یا مفتی بن گئے تو مطالعہ ختم کہ اب جب کوئی مسئلہ پوچھے گا تبھی کتاب اٹھائیں گے
یہ روش ناحق اور صلاحیت مارنے والی ہے
اچھے عالم کے لیئے مطالعہ یوں ہوتا ہے جیسے عام آدمی کے لیئے دو وقت کی روٹی
کہ روٹی نہ ملے تو نڈھال ہوجاتا ہے
عالم مطالعہ نہ کرے تو پریشان ہو جاتا ہے
ایک اچھا عالم کھانے پینے , ستر ڈھانپنے اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی طرح مطالعہ بھی خود پر لازم کیئے رہتا ہے
جسے مطالعہ کی نشہ لگ جاتا ہے شراب و کباب و شباب کا نشہ اسے اپنی طرف مائل نہیں کر سکتا
بعض حضرات کو یہ غلط فہمی ہے کہ ماہر مدرس عالم ہوتا ہے اس غلطی کی درستی کے لیئے ان شاءاللہ الگ تحریر لکھیں گے کہ عالم کی تعریف کیا ہے ؟
✍️ #سیدمہتاب_عالم
