طریقِ_علم_نجاتِ_دارین 36
صوفیاء کرام کے علوم و فنون دل کو ایسی تازگی بخشتے ہیں جیسے نسیمِ صبح برگِ گلاب پر شبنم نچھاور کرتی ہے
جلتے دل, ابلتے لہو, زخمی روح ان نفوسِ قدسیہ کی تحریرِ پُر تاثیر سے سکون پاتے ہیں
°°° آپ تحقیق کر کے دیکھ لیں ایک آیت پاک کی تفسیر علماء ظاہر کریں اسی آیت کی تفسیر کوئی ولی کامل کرے تو لطف و قرار عارفِ کامل کی تفسیر میں ہوگا °°°
کیوں نہ ہو سید الطائفہ جنید بغدادی نے علماء ظاہر کو ارشاد جو فرما دیا
أخذتم علمكم ميتاً عن ميت وأخذنا علمنا عن الحي الذي لا يموت
تم اپنا علم میت سے میت تک حاصل کرتے ہو اور ہم اس ذات پاک سے حاصل کرتے ہیں جو خود زندہ ہے اور اسے کبھی موت نہیں آئے گی
یعنی تم خود مرنے والے ہو اور اس سے سیکھتے ہو جو مرنے والا فانی ہے جبکہ ہم ابدی ازلی رب العالمین سے علم حاصل کرتے ہیں
اسی وجہ سے صوفیاء کرام کی تعبیرات و اشارات و ارشادات میں لطف و کمال واضح محسوس ہوتا ہے
ایک مثال لیجئے
اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا
ومن دخلہ کان آمنا
جو حرم میں داخل ہوگیا وہ امن والا ہوگیا
اس کی ظاہری تفسیر جس سے شرعی مسئلہ اخذ ہوتا ہے یہی ہے کہ حدودِ حرم میں قتل و غارت حرام ہے
حرم پاک میں دشمن بھی گھس جائے اسے امان مل جاتی ہے
جب کہ اسی آیت کی صوفیانہ تفسیر جو امام ابن عجیبہ نے البحر المدید میں فرمائی وہ یہ کہ
اسی طرح جو کسی ولی کے دل میں داخل ہوگیا وہ امن والا ہوگیا کیونکہ عارفِ کامل کا دل اللہ رب العزت کے مشاہدات کا حرم ہے
تو جو اس حرم میں داخل ہوگیا عذابِ الٰہی سے امن والا ہوگیا
روایت میں آیا
قلب المؤمن عرش الله
مومن کا دل اللہ کا عرش ہے
یعنی جو کسی ولی کے دل میں داخل ہوگیا وہ عرشِ الٰہی پر فیوض و برکات سمیٹنے پہنچ گیا اور جو عرش الٰہی پر گیا وہ آگ و عذاب سے مامون و محفوظ ہے
لہذا ہمیں چاہئے کہ ولی کامل کے دل میں اترنے کی کوشش کریں
کچھ لوگوں کا حال تو یہ ہوتا ہے بقولِ شاعر
بڑے بد نصیب ٹھرے کہ قرار تک نہ پہنچنے
درِ یار تک تو پہنچے دلِ یار تک نہ پہنچے
یعنی مرشد کے در تک پہنچ جاتے ہیں مگر مرشد کے دل میں نہیں اتر سکتے
دیکھئے کیسی لاجواب لطیف تفسیر ارشاد فرمائی کہ بندہ بے ساختہ اپنے مرشد کے دل میں اپنا مقام بنانے کی کوشش میں لگ جاتا ہے
بہت سے علماء نے قرآن کریم کی تفسیرِ صوفیانہ لکھی ہے
امام ابن عجیبہ اور ملا علی قاری , تفسیرِ جیلانی , استاذ ابو القاسم قشیری, شیخ نجم الدین کبریٰ جیسے اکابر اولیاء کرام نے قرآن کریم کی تفسیر صوفیانہ لکھی ہے
قلم میں تاثیر , زبان میں اثر پیدا کرنا ہو تو صوفیاء کرام کو پڑھیں ان شاءاللہ یقینِ کامل, اخلاص دائم , قناعت و صبر حامل صوفیانہ زندگی کے عامل بن جائیں گے
✍️ #سیدمہتاب_عالم
