عرب میں اتنے سید نہیں بر صغیر میں کیوں ہیں

آلِ_رسول_محبوبِ_رسول 22

••• آلِ رسول کو کہیں بھی امن نصیب نہیں •••

عربی میں محاورہ ہے

آمَنُ مِنْ حَمَامِ مَكَّةَ
مکہ پاک کے کبوتروں سے زیادہ امن والا
یہ اس شخص یا جگہ کے لیئے بولا جاتا ہے جہاں امن ہی امن ہو
مکہ پاک کے کبوتروں کو نہ شکار کیا جاتا ہے نہ پتھر مار کے اڑایا جاتا ہے
بلکہ وہ نہایت و امن و سکون سے اڑتے اترتے دانے کھاتے ہیں ان کے لیئے وہاں امن مثالی ہے

جاحظ نے کتاب الحیوان میں اھلِ بیت کی شان میں چند اشعار نقل کیئے
لعن الله من يسبّ عليّا … وحسينا من سوقة وإمام

جو علی و حسین کو گالیاں بکے الله کی اس پر لعنت ہو کہ وہ گالیاں اپنی بد طبعیت اور اپنے برے قائد کی وجہ سے بکتا ہے

أيسبّ المطيّبون جدودا … والكرام الأخوال والأعمام

کیا پاکیزہ لوگوں کو گالیاں بکی جاتی ہیں جو بزرگی کی انتہاؤں کو پہنچے ہیں اور عزت دار ماموں اور چچاؤں کو برا کہا جاتا ہے؟

يأمن الظبي والحمام ولا يأ … من آل الرّسول عند المقام

مقامِ ابراہیم کے پاس ہرنیاں اور کبوتر امن پاتے ہیں مگر آلِ رسول کو وہاں بھی امن نہیں دیا جاتا

رحمة الله والسّلام عليهم … كلما قام قائم بسلام

الله رب العزت کی ان پر رحمت و سلامتی ہو جب تک خطبہ دینے والا سلامتی سے موجود ہے

حقیقت تو یہ ہے آلِ رسول کو امن کہیں نصیب نہ ہوا
نہ حرمین میں ان کی عزت کا لحاظ رکھا گیا نہ حرمین کی حرمت کا پاس رکھتے ہوئے ان کو پریشانی سے بچایا گیا
نہ حرمین شریفین سے باہر ان کو امن سے رہنے دیا گیا

حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

إن أهل بيتي سيلقون من بعدي من أمتي قتلا وتشريدا

میری اولاد میرے بعد میری امت کی طرف سے قتل و جلا وطنی کا سامنا کرے گی

{ مستدرک للحاکم }
یہ حدیثِ شریف ان لوگوں کی ہفوات یا حسد کا جواب بھی ہے جو کہتے ہیں
جو آلِ رسول کا مرکز ہے یعنی مکہ پاک و مدینہ پاک وہاں اتنے سادات نہیں جتنے بر صغیر میں پائے جاتے ہیں

ان کے بڑوں نے ساداتِ کرام کو حضور پاک کی آل کو کہیں ٹھہرنے دیا ؟
آلِ رسول جہاں آباد ہوئے ہزار حاسد و مخالف پیدا ہو گئے اور پھر امت کے نبی کے فرمان کے عین مطابق کام ہوا کہ میری اولاد کو قتل کیا جائے گا اور جلا وطن کیا جائے گا
یہ بیچارے جان و ایمان بچاتے ہوئے ملکوں ملکوں کا سفر کر کے کہاں سے کہاں پہنچ گئے
بجائے حکمرانوں کے ظلم اور حاسدوں کے ستم پر بات کرنے کے طبعیتِ بد والے لوگ حسد کے مارے افراد یہ اعتراض جڑ دیتے ہیں عرب میں اتنے سادات کیوں نہیں بر صغیر میں کیوں ہیں ؟
دوسری طرف ان لوگوں کا قرآن کریم پر ایمان نہیں ہے
الله رب العزت تو اپنے حبیب سے وعدہ فرما رہا ہے
انا اعطیناک الکوثر
اے نبی ہم تمہیں کثیر خیر عطاء فرمائیں گے

اس کی ایک تفسیر اولادِ رسول کی کثرت ہے
تو یہ حضور کا معجزہ ہے کہ ایک بیٹی سے اتنی اولاد پھیلی کہ کسی اور کی نہیں ہے اور دنیا کے ہر ہر کونے میں آباد ہوئے
معترضین میں نہ اخلاقی شرم ہے کہ جلا وطن کرنے والے حکام کو برا کہیں نہ ان میں ایمان ہے کہ قرآن کریم کی بات مان لیں نہ ان کو نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کے معجزے کا یقین ہے
بہر حال ساداتِ کرام کو حرمین شریفین اور اس کے سوا جگہوں پر کم ہی امن نصیب ہوا ہے
✍️ #سیدمہتاب_عالم

Scroll to Top