تمنائے دلِ عالَم

عشقِ_سیدِ_عالم 45

مدینہ پاک میں رہائش رکھنا مکروہ ہے کیونکہ انسان اس پاک شہر کے آداب بجا نہیں لا سکتا
مگر یہ بھی روایات میں آیا کہ قربِ قیامت میں دنیا بھر سے ابدال و اولیاء اپنے وطن چھوڑ کر مدینہ پاک رہائش اختیار کر لیں گے
کیونکہ دنیا فتنوں سے بھری ہوگی اور اس وقت امن صرف حرمین شریفین میں ہوگا
اور یہ وہی زمانہ ہے یا اس کے بالکل قریب ہے
حدیث پاک میں مدینہ پاک میں آ کر مرنے کی ترغیب دلائی گئی ہے
من استطاع أن ‌يموت ‌بالمدينة فليمت بها فإني أشفع لمن يموت بها
{ ترمذی شریف }
جس سے مدینہ میں آ کر مرنا ممکن ہو تو وہ یہیں آ کر مرے کیونکہ جو مدینہ میں مرے گا میں اس کی شفاعت کروں گا.
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ترغیب پر لبیک کہتے ہوئے
شفاعت کے حقدار بنتے ہوئے
دنیا کے فتنوں سے بچتے ہوئے
اولیاء کی نقالی کرتے ہوئے
اپنی اولاد کو پاک ماحول فراہم کرتے ہوئے
نسلوں کو شہرِ نبی میں آباد کرتے ہوئے
حرمِ رسول جوارِ جنابِ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تمنا و خواہش ہے

یہی زندگی کا مقصد و مطلب ہے
یہی ساری عمر کا ہدف ہے

دَر بدر کب تک پِھریں خستہ خراب
طیبہ میں مدفن عنایت کیجیے
{ حسان الہند }

جو اُن صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم سے طبیہ میں مدفن مانگتا ہے وہ یہ ایمان بھی رکھتا ہو تو ضرور ملے گا

مانگیں گے مانگے جائیں گے مُنھ مانگی پائیں گے
سرکار میں نہ ’’لا‘‘ ہے نہ حاجت ’’اگر‘‘ کی ہے

ساری زندگی بدکاریوں, عصیاں شعاریوں, ریا کاریوں, دنیا داریوں میں گزری مگر منگتے کی ہمت دیکھو

کرکے تمہارے گناہ مانگیں تمہاری پناہ
تم کہو دامن میں آ تم پہ کروروں درود
حضور سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کا دامن ہی تو جنت البقیع ہے

طیبہ میں مر کے ٹھنڈے چلے جاؤ آنکھیں بند
سیدھی سڑک یہ شہرِ شفاعت نگر کی ہے

جب ان کے قدموں میں سو گئے تو دنیا و آخرت کا چین مل جائے گا

رُخصتِ قافلہ کا شور غش سے ہمیں اُٹھائے کیوں
سوتے ہیں اُن کے سایہ میں کوئی ہمیں جگائے کیوں

اور جب صور پھونکا جائے گا تو خوشی سے نہال اٹھ کر اُس پاک جناب صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے پیچھے سوئے حشر جائیں گے
اور وہاں سے جنت میں داخل ہوں گے

ہماری نسل اُسی حرم میں محفوظ و مامون رہے گی
ان کے پڑوس میں کس کا غم؟
کیسا دکھ؟
کیسی فکر؟

آ پڑے ہیں ترے قدموں میں یہ سن کر ہم بھی
جو تیرے قدموں میں گرتے ہیں سنبھل جاتے ہیں

اللھم ارزقنا جوار رسولک الکریم
صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم
سیدمہتاب_عالم# ✍️

Scroll to Top