الحب_و_العشق 21
••• روح کی روح سے محبت و مناسبت •••
امام غزالی نے احیاء العلوم میں فرمایا
” بعض اوقات ایسے دو انسانوں میں باہم محبت پیدا ہوجاتی ہے جن کی صورت میں نہ ملاحت ہوتی ہے نہ شکل میں حسن نہ اخلاق میں بہتری لیکن ان دونوں میں باطنی مناسبت کی وجہ سے باہم الفت و ذہنی ہم آہنگی پیدا ہوجاتی ہے “
یہ اس لیئے ہوتا ہے کہ کسی شے کی مشابہت فطری طور پہ مائل کرتی ہے
اور باطنی مشابہت کی پہچان بہت مشکل ہوتی ہے
اس کی پہچان ملاقات و کلام کے وقت ایک نکتے پہ اتفاق سے ہوتا ہے
حدیث پاک ہے
ان الارواح جنود مجندۃ فما تعارف ائتلف وما تناکر اختلف
روحیں ایک لشکر کی صورت جمع ہیں جو وہاں آپس میں متعارف ہوئے یہاں ایک دوسرے سے مانوس ہوگئے جو وہاں انجان رہے یہاں بھی انجان ہیں
اس کا معنی ایک یہ بھی ہے کہ
ارواح لشکر کی صورت میں بطورِ جنس جمع ہیں یا بطورِ نوع جمع ہیں
تو انسان جب اپنی جنس کی طرف دیکھتا ہے اس کی طرف جلدی جانے کی کوشش کرتا ہے
° یہاں جنس سے مراد علوم و فنون بھی ہیں °
ارسطو نے مطب پہ جاتے ہی خادم کو کہا کہ مجھے فلاں معجون دو خادم نے کہا یہ تو پاگلوں کے لیئے علاج کے لیئے ہے
ارسطو نے کہا ابھی آتے وقت راستے میں ایک پاگل شخص مجھ سے آکر لپٹ گیا
میرے اندر کچھ پاگل پن تھا جو وہ لپٹ گیا ورنہ وہ یوں نہ آتا
ارسطو کا کہنا ہے کہ میں نے کوے اور کبوتر کو ایک ساتھ بیٹھے دیکھا تو سوچ میں پڑ گیا کہ یہ ساتھ کیوں بیٹھے ہیں حالانکہ کوا الگ جنس رکھتا ھے اور کبوتر الگ جنس کا ہے
” پھر جب وہ دونوں اڑے تو معلوم ہوا کہ دونوں لنگڑے ہیں “
ان دونوں کے لنگڑا پن نے ان کو ایک ساتھ جمع کر دیا ہے دونوں کے درمیان صرف لنگڑا پن کی وجہ سے کششش پیدا ہوگئی ہے
کیونکہ
الجنس یمیل الی الجنس
جنس اپنی ہم جنس کی طرف مائل ہوتی ہے
مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی بارگاہ میں کچھ لوگ دوڑتے آئے کہ ہمارا چھ سات ماہ کا بچہ چھت پہ چڑھ گیا ھے جب ھم اسکو پکڑنے کو دوڑتے ہیں تو وہ آگے کی طرف بھاگتا ھے جب رکتے ہیں تو وہ بھی رک جاتا ھے ہمیں ڈر ہے کہ وہ نیچے گرجائے گا
مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے فرمایا کہ تم اپنے ساتھ کوئی بچہ لے جاو جب وہ اسکو دیکھے گا تو اسکی طرف دوڑے گا
کیونکہ جنس اپنی جنس کی طرف مائل ہوتی ہے
حضور نبی کریم ﷺ نے سیدہ عائشہ کے پاس ایک عورت کو بیٹھے دیکھا
فرمایا یہ کون ہے
عرض کی گئی مکہ سے فلاں ہنسی مزاح کرنے والی ہے
فرمایا
کس کی مہمان بنی ہے
عرض کی گئی مدینہ پاک کی فلاں ہنسی مزاح کرنے والی عورت کے پاس
تب نبی کریم ﷺ نے فرمایا
کہ روحیں لشکر کی صورت جمع ہیں جو وہاں مانوس رہے یہاں بھی مانوس جو وہاں اجنبی رہے یہاں بھی اجنبی ہیں
یعنی ان دونوں کی جنس ایک تھی تو ایک جگہ جمع ہوگئیں
مسند الفردوس میں حدیث پاک ہے
ان للہ عزوجل ملکا مؤکلا بتالیف الاشکال
••• اللہ تعالی کے کچھ فرشتے ایسے بھی ہیں جو اس کام پہ مقرر ہیں کہ ہم شکلوں کو ملائیں •••
یہاں ہم شکلوں سے مراد وہی ہے جن کی طبیعت ملتی ہو
جس کا بیان امام غزالی کے حوالے سے اوپر ابھی گزرا
مولا علی سے منسوب قول ہے
” إنَّ الله يقذف الحب في قلوبنا، فلا تسأل مُحبًا لماذا أحببت “
اللہ تعالی ہمارے دلوں میں محبت ڈالتا ھے تو تم کسی محبت کرنے والے سے یہ مت پوچھو کہ تم کس لیئے محبت کرتے ہو
یعنی یہ نہ کہا جائے کہ تمہیں مجھ سے کس وجہ سے محبت ھے ؟
کیوں محبت ھے ؟
کیا خاص بات ھے مجھ میں
وغیرہ وغیرہ
بلکہ محبت روح کی شناسائی کا نام ھے اس کے لیئے کسی بھی ظاہری وجہ کی حاجت نہیں ہوتی
بعض اوقات سیاہ سفید سے اور سفید سیاہ محبت کر بیٹھتا ھے
کیونکہ رنگ صرف جسموں کا ہوتا ھے روحوں کا رنگ ایک سا ہی ہوتا ھے
لہذا اگر کوئی آپکی طرف مائل ہو تو یقین کیجے کہ آپ کے اور اس کے درمیان کوئی نہ کوئی مماثلت کوئی ایک جیسی عادت کوئی مشترک شے ضرور ہے جس نے اسے آپ کی طرف کھینچا ہے
بعض روایات میں ہے
ان للہ ملائکۃ یسوقون الجنس الی الجنس
اللہ تعالی کے کچھ فرشتے ایسے بھی ہیں جو ایک جنس کو اس کی ہم جنس سے ملانے کا کام کرتے ہیں
یعنی ان کا کام ہی یہی ہے کہ عالمِ ارواح کی پہچان کو یہاں اسباب مہیا کر کے ظاہر کیا جائے
ہم جس سے بھی ملاقات کرتے ہیں یا روبرو بات یا پردے کے پیچھے بات کرتے ہیں کہیں نہ کہیں اس کے باطن اس کی روح سے مناسبت و تعلق ضرور ہوتا ہے
••• کبھی اس باطنی تعلق کو ظاہر ہونے میں ایک لمحہ لگتا ہے ہم ایک دوسرے کے فورا دوست بن جاتے ہیں کبھی صرف نظر کر دیتے ہیں لیکن روح بے چین رہتی ہے •••
اگر کوئی آپ کو چوبیس گھنٹوں میں ایک دو بار بھی یاد آرہا ہے تو غور کیجئے کیا وجہ ہوسکتی ہے؟؟؟
✍️ #سیدمہتاب_عالم
